عمان : (اُمت نیوز ) اردن میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جاری احتجاج کے دوران پولیس کے مزید 2 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اپنے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں فساد پھیلانے کے الزام میں 44 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہیں سزاؤں کیلئے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے مزید بتایا کہ مظاہرین کی جانب سے الحسینیہ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ معان کے ڈپٹی پولیس چیف کرنل عبدالرزاق الدلابیح جمعرات کے روز الحسینیہ قصبے میں سر پر گولی لگنے سےجاں بحق ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ اردن کے جنوب میں واقع کئی صوبوں میں ٹیکسی اور ٹرک ڈرائیوروں نے گذشتہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر ہڑتال کر رکھی ہے اور اس دوران انکی فورسز سے جھڑپیں ہوئیں۔