لاہور (امت نیوز) مسلم لیگ ق کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ان کا اتحاد قائم ہے ۔ ن لیگ اپنا ماتم جاری رکھے
مونس الٰہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 20 منٹ جاری رہی۔
ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں مونس الٰہی نے لکھا کہ ابھی تھوڑی دیر پہلے عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، ہمارا اتحاد قائم و دائم ہے اور انشاء اللہ رہے گا، ن لیگ اپنا ماتم جاری رکھے
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کے بیان سے پیدا ہونے والی صورت حال پربات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے والد کے بیان کے حوالے سے اپنے مو قف سے عمران خان کو آگاہ کیا۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی کا کہنا تھا جب عمران خان جنرل باجوہ کے خلاف بات کر رہے تھے تو مجھے بہت برا لگا۔
ان کا کہنا تھاکہ جنرل باجوہ ہمارے محسن ہیں، محسنوں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے، جنرل باجوہ کے ان پر بہت احسانات ہیں، احسان فراموشی نہ کی جائے۔