کراچی(امت نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں اپنے ریمارکس کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں مسلمانوں کو درپیش نفرت اور امتیازی سلوک کے خلاف احتجاج کریں۔
بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ مودی سے متعلق ان کا بیان تاریخ پر مبنی ہے جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔بھارتی شہریوں کو گجرات میں مسلم نسل کشی کی بھی مذمت کرنی چاہیے اور بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا جاتا ہے،اس کی مذمت کرنی چاہئے
بلاول بھٹو نے کہا کہ کاش بھارتی شہریوں نے انہیں نشانہ بنانے کی بجائے اپنے ملک کے مسلم شہریوں کے لیے بھی احتجاج کیا ہوتا جو امتیازی سلوک اور نفرت کا شکار ہیں۔بلاول بھٹو نے بھارتی عوام پر واضح کیا کہ وہ اپنی پسند اور ناپسند کے مطابق تاریخ کو دوبارہ نہیں لکھ سکتے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم کو گجرات کا قصائی کہنے پر بلاول بھٹو کے خلاف دہلی، ممبئی، پونے اور کرناٹک سمیت ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے
پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے ملک کے وزیر خارجہ کے بیانات کا دفاع کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جوہری طاقت کا مقصد خاموش رہنا نہیں ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔