کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور میں تعینات سی اے اے حکام شیڈولنگ میں ناکام ہوگئے۔بیک وقت 4 غیر ملکی بڑی پروازیں لینڈ کرانے سے ہوائی اڈا مچھلی بازار بن گیا ، مسافروں کو لینے کے لیئے آںے والے افراد سے لاؤنج کھچا کھچ بھرگیا ، باہر لان تک رش ، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے اضافی اہلکاروں کو بلانا پڑا ۔ دھند کے سبب پروازوں میں تاخیر پر مسافروں کے فضائی کمپنیوں کے کاؤنٹرز پر جھگڑے معمول بن گئے ۔
اہم ذرائع نے بتایا کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان دنوں مسافروں کا غیر معمولی رش ہے جس کی بڑی وجہ دھند بتائی جارہی ہے ، تاہم منگل کے روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سی اے اے کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے مچھلی بازار بن گیا
ذرائع بتایا کہ علی الصبح ہوائی اڈے پر لینڈنگ کرنے والی شیڈول پروازیں ددھند کے باعث تاخیر سے پہنچیں، صبح لاہور ایئر پورٹ آنے والی پروازیں اسلام آباد ایئر پورٹ کی جانب موڑ دی گئیں جبکہ وہی پرواز کو دھند چھٹنے کے بعد اسلام آباد سے لاہور بلالیا گیا ۔اور موسم کی خرابی دور ہونے پر انہیں سی اے اے کنٹرولرز نے لینڈنگ کی اجازت دے دی ، منگل کو ایک درجن سے زائد پروازیں دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی جس میں سے چار پروازیں منسوخ کردی گئیں
سی اے اے ذرائع نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ آنے والی درجنوں پروازیں یومیہ بنیادوں پر تاخیر کا شکار ہورہی ہیں اور پروازوں میں تاخیر پر فضائی کمپنیوں کے کاؤنٹرز پر مسافروں کے جھگڑے معمول بنے ہوئے ہیں ، منگل کو دھند چھٹنے کے بعد لینڈنگ میں دشواری ختم ہونے کی نوید دس بجے سنائی گئی ، جس کے بعد سی اے اے حکام نے پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دی تاہم صبح 6 بجے سے مسافروں کو لینے آنے والوں کا رش تھا جو صبح 11 بجے تک اس قدر بڑھ گیا کہ لاؤنج میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی اور لوگوں کا ہجوم باہر لان تھا جا پہنچا تھا
اسی اثنا میں دوحہ ، راس الخیمہ اور لندن کی پروازیں ایک ساتھ ائیرپورٹ پر اتارنے کے احکامات دیئے گئے تو امیگریشن کاؤنٹرز اور سامان وصول کرنے کی جگہ پر سیکڑوں مسافروں کی اچانک آمد سے ہوائی اڈے کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا
ذرائع نے بتایا کہ یہ پروازیں بغیر شیڈول کے لینڈ کرائی گئی تھیں جس کی وجہ سے لاؤنج میں افراتفری کی صورت حال پیدا ہوگئی جس پر معمول کے علاوہ ایئر پورٹ سیکورٹی اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے بیرون ملک سے مسافروں کو وصول کرنے آنے والے ایک سے زائد افراد کو داخل ہونے سے روکنا شروع کیا جس پر ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر شہریوں کے جھگڑے بھی ہوئے
سی اے اے ذرائع نے بتایا کہ چار پروازوں کی اچانک آمد کی وجہ سے استنبول سے لاہور آنے والی پرواز کو صبح اسلام آباد میں لینڈنگ کرانا پڑی جسے کچھ گھنٹے بعد علامہ اقبال ایئرپورٹ بلوالیا گیا ، مذکورہ پرواز میں سوار ڈیڑھ سو سے زائد مسافروں نے ہوائی اڈوں پر ہونے والی پریشانی کے خلاف احتجاج کیا
ذرائع نے بتایا کہ دھند کے باعث شام کو لاہور ایئر پورٹ آنے و جانے والی چار پروازوں میں سے تین تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جبکہ ایئر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز پی اے 406 کو منسوخ کردیا گیا ۔ اسی وقت دوحہ سے آنے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 621بھی منسوخ کردی گئی جبکہ پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 748 کی روانگی بھی موخر کردی گئی ، ایئر لائن کے مطابق پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے مسافروں سے رابطے میں ہیں اورانہیں شیڈولنگ کی تبدیلی سے متعلق آگاہ کررہے ہیں۔
امت کو لاہور ایئرپورٹ پر تعینات سی اے اے افسر نے بتایا کہ شیڈولنگ کی غفلت کی وجہ سے ہوائی اڈے پر غیر معمولی رش بڑھا ہے، عام طور پر صبح آنے والی پروازوں میں یہ مسائل آرہے ہیں جس کے تدارک کیلئے ایئر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو حکمت عملی بنانی چاہیئے تاکہ مسافروں کو پریشانی سے بچایا جاسکے۔