اسلام آباد(امت نیوز) پاکستان میں تقریبا 75 فیصد عوام ڈپریشن، ذہنی دباؤ یا گھبراہٹ جیسے ذہنی مسائل کا شکار ہیں اور ملکی مستقبل سے خاصے مایوس ہیں۔
حالیہ چند برسوں میں پاکستان میں باقاعدہ مہم چلا کر مایوسی پھیلائی گئی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد بشمول لال اساتذہ، ڈاکٹروں، سیاستدانوں اور اداروں کو کو بد نام کیا گیا جس کی وجہ سے 75 فیصد نوجوان ملک چھوڑنے پر تلے بیٹھے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت، شعراء اور ادبی شخصیات نے بدھ کے روز علامہ اقبال کی شاعری اور پیغام پر مبنی چوبیسویں موضوعاتی کیلنڈر کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مختلف موضوعات بشمول سیرت مبارکہ صلی اللہ علیہ وسلم، مشاہیر اسلام، مسلمان سائنسدانوں اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی زندگی پر مبنی موضوعاتی کیلنڈر جہان مسیحا ادبی فورم کے تحت تیار کیے جاتے ہیں اور پورے ملک میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔
علامہ اقبال کی شاعری پر مبنی موضوعاتی کیلنڈر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر شہزاد علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک گھناؤنا منصوبے کے تحت عوام میں مایوسی پھیلائی جا رہی ہے، اساتذہ، ڈاکٹروں، سیاستدانوں اور قومی اداروں کو بد نام کر کے ملکی سلامتی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام میں نفسیاتی عوارض میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پروفیشنل افراد اور سیاستدان بھی اتنے ہی برے یا اچھے ہیں جتنے پڑوسی ملک ہندوستان یا کسی اور ملک میں ہوتے ہیں لیکن پاکستانی افراد کو دنیا کے کرپٹ ترین افراد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے جو کہ ایک سازش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، اقبال نے اپنے پیغام کے ذریعے برصغیر کی ایک اقلیت کو ایک قوم بنا دیا جس نے بعد میں متحدہ جدوجہد کے ذریعے پاکستان حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان سے مایوسی ختم کرنے کا واحد حل علامہ اقبال کی شاعری کو فروغ دینا اور ان کے پیغام کو عام کرنا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اقوام عالم میں میں ایک نیا مقام حاصل کرسکتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقامی دوا ساز ادارے فارما ایوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے موضوعاتی کیلنڈروں کا اجراء کر رہا ہے تاکہ پاکستانی عوام خصوصا صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبہ کو مشاہیر اسلام اور قومی زعما کی زندگی اور ان کے افکار سے آگاہ کرایا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ فارم ایوو پاکستان میں ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے ان کا ادارہ معاشرے میں اخلاقی قدروں کو فروغ دینے والی صحت مندانہ سرگرمیوں کا مسلسل انعقاد کرتا رہتا ہے۔
معروف شاعر اجمل سراج کا کہنا تھا کے علامہ اقبال کا پیغام ایک مایوس اور شکست خوردہ قوم میں نئی روح پھونک سکتا ہے، پاکستانی معاشرے کے اخلاقی اور معاشی مسائل کا حل اقبال کے فلسفہ خودی میں پنہاں ہے