وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ اسلام زبردستی مذہب کی تبدیلی کی اجازت نہیں دیتا، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں عیسائی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں ہم سب شریک ہیں، مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تمام مذاہب دنیا میں امن و بھائی چارے کا درس دیتے ہیں، اقلیتوں نے بھی قیام پاکستان میں کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت مسیحی برادری کے سیاسی اور سماجی حقوق برابر ہیں، آئین کے تحت مسیحی برادری جو کاروبار کرنا چاہے کرسکتی ہے، تحریک پاکستان سے آج تک مسیحی برادری کی بیش بہا خدمات ہیں، مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پچھلی دہائیوں میں انتہا پسندی سے نقصان پہنچا، پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا، بنوں میں افواج پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی، دہشت گردوں نے لوگوں کو یرغمال بنایا، بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام جبر سے کسی کو اپنے مذہب میں داخل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، تمام مذاہب کے ماننے والے دنیا میں امن سے رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح مسیحی برادری کے حقوق کی پاسداری کرے گی، حکومت پاکستاناقلیتوں کے حقوق کی ضامن ہے، قومی اقلیتی کمیشن کا ڈرافٹ بن گیا ہے، جلد پارلیمنٹ میں لائیں گے، مسودے کو جلد قانون کی شکل دے کر عملی جامہ پہنائیں گے