پی ٹی آئی اراکین استعفوں کے باوجود سرکاری مراعات سے مستفید

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کےاراکین قومی اسمبلی نے استعفیٰ تو دے دیا مگر ابھی تک سرکاری مراعات نہیں چھوڑیں

پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اور وزارت ہاؤسنگ نے تفصیلات وزیراعظم آفس کو جمع کرادیں۔ دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفوں کے باوجودسرکاری مراعات نہیں  چھوڑیں۔ ساتھ ہی سیکیورٹی کا بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر تحریک انصاف کے 94 مستعفی اراکین سرکاری گھروں میں مقیم ہیں جن میں سے 10 اراکین استعفے منظور ہونے کے باوجود پارليمنٹ لاجز میں رہائش پزیر ہیں۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور نورالحق قادری اب تک منسٹر انکليو ميں رہائش میں مقیم ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے سابق وزرا کی حيثيت سے ملنے والے گھر خالی نہيں کيے۔

قومی اسمبلی کے 13 ملازمين سابق اسپيکر اسد قيصر کے ساتھ اب بھی ڈيوٹی پر موجود ہیں جبکہ اسمبلی سيکريٹريٹ کے 6 ڈرائيور اب تک اسد قيصر کے زير استعمال ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تحريک انصاف کے 41 ارکان قومی اسمبلی نے اب تک سرکاری سيکيورٹی نہ چھوڑی۔ علی امين گنڈا پور کے ساتھ کے پی پوليس کے 36 اور مراد سعيد کے ساتھ 14 اہلکار تعينات ہیں۔

دستاویزات کے مطابق تحریک انصاف کے ایم این ایز پر سرکاری مراعات کی مد میں 50 کروڑ ماہانہ خرچ  ہورہے ہیں