راولپنڈی (امت نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو شکست دے کر بذریعہ سماجی اقتصادی ترقی، دیرپا امن یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج محنت سے حاصل کیے گئے امن کو مزید مستحکم کرے گی
آرمی چیف جنرل نے یہ بات میران شاہ، شمالی وزیرستان اور تربیلا کے دورےکے موقع پر کہی
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سپہ سالار نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئےجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں پر تعینات دستوں، افسران اور جوانوں سے ملے، پیشہ ورانہ مہارتوں، بلند عزم، آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
سپہ سالار نے کہا کہ پاک فوج کی توجہ سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ پاک فوج جنگ کو دہشت گردوں تک لے جانے اور سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشتگردی کی جنگ میں کامیابیاں پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں سے ممکن ہوئیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیڈکوارٹرا سپیشل سروسز گروپ تربیلا کا بھی دورہ کیا، اسپیشل سروسز گروپ کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔