کراچی(امت نیوز)شہر قائد میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے سے تنگ شہریوں نے ڈاکوؤں سے خود ہی نمٹنا شروع کردیا۔۔ اتوار کے روز اورنگی سیکٹر ساڑھے گیارہ اور گلستان جوہر بلاک تیرہ میں شہریوں نے دو ڈاکو مارڈالے۔
اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤں سیکٹر ساڑھے 11 خلیل مارکیٹ میں 2 ڈکیت دکان میں لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ وہاں موجود شہریوں نےانہیں گھیر لیا۔اور پکڑکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس سےایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگادی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک غیرقانونی پستول برآمد کرلیا۔ ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب شاہراہ فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 رابعہ سٹی کے قریب ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا ۔شہری کی فائرنگ سےایک ڈاکو بھی مارا گیا
پولیس کے مطابق زخمی شہری اور ہلاک ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخمی شہری اور اس کے دوست نے مبینہ ڈاکو کوشناخت کر لیا ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کے اہلخانہ بھی جناح اسپتال پہنچ گئے ۔ مبینہ ڈاکو کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی جوکہ پہلوان گوٹھ کا رہائشی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والےڈاکو کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے