پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قرآن خوانی اوردعائیہ تقریبات ہورہی ہیں۔فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام قرآن خوانی اوردعائیہ تقریبات ہورہی ہیں۔فائل فوٹو

شہیدبے نظیربھٹو کی15ویں برسی کیلئے گڑھی خدابخش میں تیاریاں مکمل

کراچی(امت نیوز)سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹوکی 27دسمبر کو 15ویں برسی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی،جلسہ عام سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئرمین سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹومیں پیپلزپارٹی نے جلسے کا پنڈال تیارکرلیا ہے جبکہ گڑھی خدابخش بھٹو، نوڈیرو اور لاڑکانہ میں استقبالیہ کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں۔

جلسہ عام کے اطراف میں واک تھروگیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے ہیں، سیکیورٹی کے لئے 8 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔

وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کراچی سے 150 سے زائد بسوں پرمشتمل قافلے کے ساتھ لاڑکانہ گڑھی خدا بخش روانہ ہوگئے ہیں۔

روانگی سے قبل سعید غنی نے بتایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے سلسلے میں 27 دسمبر کو دوپہر 2 بجے ایک جلسہ عام منعقد کیاجائے گا،پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مزار پرچادر چڑھائی جائے گی۔

شہید بے نظیربھٹو کی برسی پرکراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی