عمران خان کو امریکی صدر نے نہیں جیالوں نے نکالا، بلاول بھٹو

لاڑکانہ (امت نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو امریکی صدر نے نہیں جیالوں نے نکالا، عدم اعتماد کی سازش وائٹ ہاؤس میں نہیں بلاول ہاؤس میں تیار ہوئی، اور یہ بند کمروں کی سازش نہیں تھی، ہم نے سڑکوں پر کھڑے ہوکر ببانگ دہل اعلان کیا اور پھر اپنا ہدف حاصل کر کے دکھایا،سلیکٹڈ عدم اعتماد کا سہرا جوبائیڈن کو دینا چاہتا ہے

بینظیر بھٹو کے 15 ویں یوم شہادت پر گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کو کس گناہ میں شہید کیا گیا، شہید بینظیر بھٹو جھوٹ کی نہیں سچ کی سیاست میں  یقین رکھتی تھیں

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاہے کہ دہشت گردی اور آمریت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دہشت گرد خوف پھیلا کر  حقوق سلب کئے جاتے ہیں، آمریت بندوق کی طاقت سے آپ کی آزادی چھینتی ہے۔

جیسے مشرف ماضی کا حصہ بن چکا ہے ویسے ہی سلیکٹڈ بھی اب ماضی کا حصہ ہے، ہمیں مہنگائی، عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو مشکل سے پی پی کے جیالے نکال سکتے ہیں، غریب ، مزدور کو حق دلوانا ہے تو پاکستان پیپلزپارٹی یہ کام کرسکتی ہے، اگر دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کرنا اور ملک کی عزت کروانی یا دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی ہے تو وہ بھی پی پی ہی کرسکتی ہے کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ماضی میں بھی یہ کر کے دکھایا۔