اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کاکہناہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ثابت کر سکتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی اسمگلنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے، فارن اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری اور فارن ایکسچینج کا باہر جانا تشویشناک عمل ہے، انٹر بینک میں ڈالر کی قدر اس وقت بلند ہے لیکن روپے کی بے قدری بہت بڑا مسئلہ ہے اور مجھ سے پہلے جو تجربے ہوئے اس کا میں ذمے دار نہیں.
اسٹاک ایکسچینج میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں،ملکی ترقی میں اسٹاک مارکیٹ کا اہم کردار ہے ، پی ٹی آئی دور حکومت میں ایس ای سی پی پرکوئی توجہ نہیں دی گئی،ہمیں کارپوریٹ سیکٹر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ثابت کر سکتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
وزیر خزانہ کاکہناتھا کہ ذمے داری سنبھالی تو ایس ای سی پی اور اسٹاک مارکیٹ میں توجہ مرکوز کی، ہمارے گزشتہ دور میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی مارکیٹ تھی،کاروباری طبقہ ملکی ترقی کیلیے حکومت کیساتھ کھڑا ہے، بدقسمتی ہے ہم نے پاکستان کو وہاں لاکھڑا کیا جہاں اسے نہیں ہونا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،حالات مشکل ضرور ہیں لیکن پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ثابت کر سکتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
ان کاکہناتھا کہ ڈالر کی ہمسایہ ملک کو اسمگلنگ ایک بڑا مسئلہ ہے، ہمیں ڈالر، گندم اور کھاد کی اسمگلنگ کو روکنا ہے، اگلے 6 سے 7 سال میں پاکستان کو 35 ارب ڈالرز کی ضرورت ہو گی۔
اسحاق ڈار کا مزید کہناتھا کہ ہم پیرس کلب نہیں جائیں گے ، پاکستان مخالف پروپیگنڈا بند کیا جائے ، سستی شہرت کیلیے پاکستان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، لوگوں کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے،کوئی ڈالر، کوئی سونا خرید رہا ہے۔