لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف مہنگائی کے خلاف کل سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے حوالے ملک گیر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی
فواد چوہدری نے کہا کہ گھروں میں بجلی نہیں، گیس کی قلت ہے، تیل مہنگا ہورہا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ ہماری یہ تحریک مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں تین ہفتوں تک حلقوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سربراہی میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور پھر ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ہم دوبارہ سڑک پر ہوں گے اور جب تک حکومت نہیں جاتی احتجاج کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھیں گے، پورے پاکستان کے لوگ باہر نکلیں اور اپنے حق کیلیے آواز اٹھائیں، تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت کو پی ٹی آئی قیادت نے مسترد کیا ہے کیونکہ پاکستان میں حکومت کی گنجائش نہیں ، پاکستان کے عوام ٹیکنوکریٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ اُن کا مطالبہ فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کی حکومت بنانا اور اسمبلی تحلیل کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے، اس وقت جو پنجاب کے حوالے سے سازش ہورہی ہے اُس سے باز رہا جائے تو اچھا ہے، اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کو تحلیل کردیا جائے گا۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیاکہ ہمارے اراکین کو پیسوں کے ساتھ، عمرے اور لندن بھیجنے کی پیش کش بھی کی جارہی ہے مگر اب تک گنتی کے حساب سے ہمارے اراکین ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں منحرف ہونے والے بیس اراکین کو دیکھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا کھیل کھیلا گیا، جس میں آصف زرداری، ناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن شامل ہیں، ہم اسپیکر پنجاب اسمبلی سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ان تینوں شخصیات کے دورہ پنجاب کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کر کے کارروائی کی سفارش کریں