کراچی:نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریزکے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بناکر اننگز ڈیکلیر کردی۔ کیویز کو قومی ٹیم کے خلاف 318 رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان کو میچ جیتنے کیلیے319 رنز بنانے ہونگے۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں ،عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے سودھی کی بال پر بولڈ ہو گئے، میرحمزہ بھی بغیر کوئی رن بنائے سوڈدھی کا شکار بنے۔ چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پرامام الحقبق بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔
کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، قومی ٹیم کے ہیرو مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔
نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر پر وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمے دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہینری نکولس 5 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ بلنڈیل نے تیز کھیلنے کی کوشش کی وہ بائونڈری لائن پر سلمان آغا کی بال پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔انہوں نے 74رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، میر حمزہ،حسن علی ،سلمان آغا اورابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔