لاہور(امت نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط ہے، عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے
لاہور میں پنجاب کے صوبائی وزرا کے اجلاس کی صدارتکرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور اگلے الیکشن کی تیاریوں کی ہدایت کی اور کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے ، سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے
ذرائع کے مطابق صوبائی وزرا نے عمران خان کو بریفنگ میں بتایا کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو مسئلہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعتماد کا ووٹ لیتے ہی فوری اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم الیکشن کیلئے عوام کے پاس جائیں گے، ملکی مسائل کا حل نئے الیکشن اور عوامی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی دے سکتی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے کہا اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط ہے، عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے لیکن ہمیں اعتمادکے ووٹ کے لیے تیاری کرنی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وزرا کو ارکان اسمبلی سے رابطے میں رہنےکی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر وزیرکو اس کے متعلقہ ڈویژن کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ہر وزیر اپنے ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے رابطے میں رہے گا۔