لاہور(امت نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہوگا ۔بصورت دیگر قانونی کارروائی پر غور کیا جاسکتا ہے
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بیان پر غور کیا گیا ۔ وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے معابلے پر آئینی اور قانونی نکات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہوگا۔ اجلاس میں اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں مسلم لیگ ن نے دستیاب آئینی اور قانونی آپشنز پر بھی غور کیا اور چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔
اجلاس میں رانا مشہود، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ، لیگی رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین اور بلال یاسین شامل تھے۔ وفاقی وزرا میں خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔