مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو بڑا چیلنج دے دیا ۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت اسمبلی میں 188 اراکین پورے کر لے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 188 ارکان کی بات کرنے والی پنجاب حکومت کے پاس آج اجلاس میں 140 سے زیادہ ارکان نہیں تھے۔ اپوزیشن کی تعداد تین غیر حاضر ارکان کے باوجود آج کے اجلاس میں 176 تھی ، پنجاب حکومت اسمبلی میں 188 اراکین پورے کر لے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
واضح رہے کہ منگل کو ہونے والے اجلاس کے لیے پنجاب اسمبلی میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے احتجاج پر انہیں اندر جانے کی اجازت ملی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا شور شرابہ بے سود رہا، حکومت نے اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے 21 بل منظور کروائے۔
ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس منگل دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس ملتوی ہونے پر اپوزیشن نے باہر جاکر بھی احتجاج کیا اور وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کے خلاف نعرے لگائے۔