کیلی فورنیا میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہائی وے بلاک

امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں مٹی کے تودے گرنے سے ہائی وے بند ہوگئی۔ حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

کیلفورنیا ہائی وے پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی شئیر کی گئی ہے، جس میں مٹی کے تودے کو گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کیلی فورنیا کے شہریوں کو مزید سخت موسم کیلئے خبردار کیا ہے۔ واضح رہے کہ کیلی فورنیا میں تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہے، جب کہ سڑکیں، گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

امریکی محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ صورت حال باد وباراں کے اس طاقت ور طوفان کےنتیجے میں مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے جو کیلی فورنیا کو براہ راست نشانہ بنا رہا ہے۔

موسمیات کی پیشن گوئی میں کہا گیا ہے کہ وسطی کیلی فورنیا میں پیر کے روز ساحلی علاقوں میں 7 سے 13 سینٹی میٹر کے لگ بھگ تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔

نیشنل ویدر سروس نے کہا ہے کہ نواڈا کے پہاڑی سلسلے میں چھ فٹ تک برف پڑ سکتی ہے جس سے اس علاقے میں آمدورفت خطرناک اور بعض صورتوں میں ناممکن ہو سکتی ہے۔

ادارے نے انتباہ کیا ہے کہ بھاری برف باری اور برفانی تودے گرنے سے انفرااسٹرکچر کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔