کراچی(رپورٹ:حسام فاروقی)لیاری میں گینگ وار بلڈرز غیرقانونی تعمیرات کرنے لگے،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے رشوت کے عوض چپ سادھ لی،لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے بلڈروں نے لیاری کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کر رکھا ہے اور اس وقت لیاری کی ہر گلی میں غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں، نام نہاد بلڈرز کو ابھی بھی لیاری گینگ وار کی مکمل سر پرستی حاصل ہے اور غیر قانونی تعمیرات کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی میں سے گینگ وار کو بھی باقاعدگی سے حصہ پہنچایا جا رہا ہے۔
زرائع کے مطابق اس وقت لیاری میں تیز رفتاری سے غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں اور سارے علاقے کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کیا گیا ہے ، جس میں ایس بی سی اے کے افسران بھی مکمل طور پر ملوث ہیں ، زرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈسٹرکٹ ساﺅتھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو ہی اس سارے معاملے کو لیڈ کر رہے ہیں اور لیاری میں انہوں نے اپنا پٹہ سسٹم اتارا ہوا ہے، جس میں ان کی معاونت اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن خشک اور ایس بی آئی عمیر ڈایوکر رہے ہیں جو کہ بلڈروں سے ڈی جی ایس بی سی اے کے نام پر رشوت وصول کرکے راشد ناریجو تک پہنچاتے ہیں،اس وقت لیاری کے پلاٹ نمبرLY/33/2موسیٰ لین شاہ بھٹائی روڈ پر غیر قانونی تعمیرات اپنے عروج پر پہنچی ہوئی ہے اور اس پلاٹ پر غیر قانونی مارکیٹ تعمیر کی گئی ہے، جسے ماضی میں ایس بی سی اے کی جانب سے منہدم بھی کیا گیا تھا مگر اب بلڈر فاروق بونڈ والا نے ایس بی سی اے سے سیٹنگ کرکے پھر سے اس پلاٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
زرائع کا کہنا ہے کہ یہ عمارت کئی سال پرانی اور بوسیدہ ہے مگر نیچے بلڈر نے اب موبائل مارکیٹ تعمیر کر ڈالی ہے، جس کی وجہ سے عمارت کی مضبوطی پر بھی فرق پڑا ہے اور یہ عمارت کسی بھی وقت منہدم ہو سکتی ہے ،جبکہ لیاری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماﺅں کی سرپرستی میں بھی غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں، جس کی ایک مثال پلاٹ نمبر 20شاہ بھٹائی روڈ بہار کالونی نزد یاسین مسجد سابقہ زندانی ہاﺅس کے پاس بھی مزکورہ پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں اور 8منزلہ عمارت تعمیر ہو رہی ہے ۔
زرائع کا کہنا ہے کہ یہ عمارت ناقص میٹیریل سے تعمیر ہوئی ہے، جو کسی بھی وقت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے جبکہ اس تعمیرات کے پیچھے یوسف جوسی کا نام زیر گردش ہے ، دوسری جانب اسی بلڈر کا ایک اور پلاٹ بھی ایس بی سی اے کی سر پرستی میں زیر تعمیر ہے جو کہ آگرا تاج حنفیہ مسجد روڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے ، جس کا پلاٹ نمبرA/89اورA/88شیٹ نمبر1اور گلی نمبر F5ہے اس پر بھی آٹھ منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے جو کہ فنشنگ کے آخری مراحل میں داخل ہے،اسی طرح لیاری کے ایک اور بدنام بلڈر نوید شاہ نے بھی لیاری میں پلاٹ نمبر 91شیٹ نمبر 1گلی نمبر F4تاج مسجد روڈ آگرہ تاج کالونی میں 7سے 8منزلہ عمارت تعمیر کی ہے اور نیچے دکانیں نکالی گئی ہیں ، اس پلاٹ کا ایک سروے نمبر C35/Aبھی ہے ، اسی طرح پلاٹ نمبر332/5گلی نمبر 2Hپر بھی غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور یہ پلاٹ بھی آگرہ تاج کالونی میں واقع ہے، لیاری کے علاقے بہار کالونی کے ایک پلاٹ نمبر10اے روڈ پر بھی بلڈر غیر قانونی تعمیرات کر رہا ہے ، جبکہ شاہنواز شاہ نامی بلڈر اس وقت آگرہ تاج کالونی مرزا آدم خان روڈ پر پلاٹ نمبر 81اور82شیٹ نمبر7پر بھی خلاف ضابطہ غیر قانونی تعمیر کا عمل جاری ہے ، جبکہ اسی بلڈر کے ایک اور پلاٹ نمبر37/4شیٹ نمبر 4تاج جامع مسجدثمینہ ہوٹل کے قریب آگرہ تاج کالونی کو معزز عدالت کی جانب سے منہدم کرنے کا حکم ایس بی سی اے افسران کو دیا گیا تھا مگر بھاری رشوت لے کر ایس بی سی اے افسران نے اس معاملے کو دبا دیا ہے اور اس پلاٹ کو ابھی تک معزز عدالت کے احکامات پر منہدم نہیں کیا گیا ہے۔
|