عدالت نے ادارہ اطفال میں ڈاکٹروں کے تقررنامے روک دیے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے قومی ادارہ برائے صحت اطفال(این آئی سی ایچ) میں ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے خلاف درخواست پر حکم امتناع جاری کردیا۔عدالت نے ڈاکٹروں کے انٹرویو و دیگر عمل جاری رکھنے جب کہ تقررنامے روکنے کا حکم دیتے ہوئے حکومتی فیصلے کی کاپی مانگ لی ہے۔گزشتہ روز ہائی کورٹ میں این آئی سی ایچ میں ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت درخواست گزار ڈاکٹر فرحانہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی تقرریوں سے ہماری ترقی متاثر ہوگی،جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ تقرریاں صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق کی جارہی ہیں۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے سرکاری وکیل سے استفسارکیا کہ کیا کابینہ کا فیصلہ سپریم کورٹ کی رولنگ کو متاثر کرسکتا ہے؟آئندہ سماعت پرکابینہ کا فیصلہ پیش کریں تاکہ اس کا جائزہ لیا جاسکے۔ہائیکورٹ نے ڈاکٹرز کی بھرتیوں کے لیے انٹرویوز اور دیگر عمل کو جاری رکھنے کے ساتھ تقرر نامے جاری نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی۔دریں اثنا جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق متحدہ پاکستان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت 12 جنوری(آج)کے لئے ملتوی کردی۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جمعرات کو فریقین کو سن کر اسٹے کی درخواست پر فیصلہ کردیں گے۔سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے قبل سندھ میں افسران کی تقرریاں و تبادلوں اور سیاسی ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی سے متعلق دائردرخواستیں سندھ حکومت کی یقین دہانی پر نمٹادیں۔ اسی بنچ نے پیپلز پارٹی رہنما نجمی عالم کے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے 8 سال سے لاپتا شہری کی عدم بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر آئندہ سماعت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے جے آئی ٹی اور پی ٹی ایف اجلاس جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات لگانے سے متعلق معروف اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے دائر درخواست پر حکام کو درخواست گزار کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے وفاقی حکومت،پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعاعلیہان کو دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ہائیکورٹ نے عزیز آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر حکومت سندھ،ایس بی سی اے و دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے۔ عدالت نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فریقین کو 30 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔