کراچی(اسپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دےکر تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔کیوی ٹیم نے 281رنز کا ہدف 8وکٹیں گنوا کر حاصل کیا
یوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور اسامہ میر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
اس سےقبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا ۔قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم 13 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسی دوران فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 8 ویں سنچری اسکور کی، محمد رضوان نے بھی سیریز کی دوسری اور اپنے کیرئیر کی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔
فخر زمان 101 اور رضوان 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاہ حارث سہیل 22،آغا سلمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 اور لوکی فرگوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں