لاہور (امت نیوز )نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے معاملے پر پرویزالہٰی اور حمزہ شہباز کے درمیان اتفاق نہیں ہوسکا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے ترجمان کے مطابق گورنر پنجاب نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کہ وہ آئین کے آرٹیکل 224 اے 2 کے تحت آئینی عمل آگے بڑھائیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ اتحاد نے دو ریٹائرڈ بیوروکریٹس ناصر کھوسہ، احمد نواز سکھیرا اور سابق وفاقی وزیر نصیر خان کے نام نگران وزیراعلیٰ کے لیے تجویز کیے تھے۔ ناصر کھوسہ نے نگران وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی تھی۔
جبکہ دوسری طرف نواز لیگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور محسن نقوی کےنام بھجوائےگئے تھے۔
نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت منگل کی رات 10 بجے تک تھا۔ اتفاق نہ ہونے پر اب معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا گیا ہے جو حکومت اور اپوزيشن کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائيں گے۔
اس کمیٹی کو حکومت اور اپوزيشن دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔