کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کے بیڑے میں مزید دو طیارے شامل ہوگئے مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت پی آئی اے کی ترقی کیلئے سرگرم ہے
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں جہازوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پی آئی اے کے آپریشنل بیڑے میں دو طیاروں کا اضافہ ہوا ہے ۔
پی آئی اے کا گزشتہ دنوں آنے والا نیا ائیربس 320 طیارہ بھی تمام کوائف مکمل کرنے کے بعد شیڈول میں شامل ہوگیا،گزشتہ روز نئے ائیربس 320 نے پہلی کمرشل پرواز پی کے 309 کے حیثیت سے اسلام آباد تا کراچی بھری ۔اسی طرح 7 مہینے سے لانگ گراونڈنگ کا شکار بوئنگ 777 طیارہ بھی آپریشن میں شامل ہوا ۔
طیارے نے کئی ماہ بعد پہلی پرواز آج صبح پی کے 300 کی حیثیت سے آپریٹ کی جس کہ بعد وہ جدہ روانہ ہوگیا ۔گزشتہ چندہ ماہ کے دوران یہ دوسرا بوئنگ 777 ہے جو آپریشن میں واپس آیا ۔اس سلسلے کا تیسرا طیارہ بھی فعالی کے آخری مراحل میں ہے اور اگلے چند ہفتوں میں وہ بھی آپریشنل ہوجائے گا ۔
اس عمل سے پی آئی اے کے 14 ائیربس اور 10 بوئنگ 777 سمیت کل 25 طیارے شیڈول کا حصہ ہوں گے ،طیاروں کی فعالیت سے پی آئی اے کے شیڈول ہموار ہوجائے گا اور نیٹ ورک کے وسعت میں بھی مدد ملے گی ۔جہازوں کی فعالی خصوصی طور پر پرزہ جات کا حصول موجودہ زرمبادلہ کے حالات کے تناظر میں ایک پیچیدہ عمل تھا ،
اپنے محدود وسائل سے جہازوں کی فعالی اور بیڑے میں آپریشن طیاروں کا اضافہ ایک اہم سنگ میل ہے،کوویڈ کے بعد پی آئی اے کے فعال طیاروں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے،وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کی ذاتی دلچسپی اور حکومت پاکستان کے خصوصی تعاون کے باعث طیاروں میں اضافے کا عمل مکمل ہورہا ہے۔ہوابازی کی صنعت مکمل طور پر بحالی کی طرف گامزن ہے اور بڑھتی ہوئی مانگ کیلئے طیاروں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے ۔