وزیر اعظم لکسمبرگ پاکستانی آم کے دیوانے نکلے،بلاول کے ساتھ ویڈیو جاری

 

ڈیووس (امت نیوز ) لکسمبرگ کے وزیر اعظم کو بھی پاکستانی آموں سے پیارکیسے ہوا، اس کی تفصیل انہوں نے ایک ویڈیو میں بیان کی جس میں وہپاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں لکسمبرگ کے وزیر اعظم زیویر بیٹل سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے ان سے پاکستانی آموں کے حوالے سے پوچھا۔اس گفتگو کے حوالے سےبلاول نے سوشل میڈیا پر لکسمبرگ کے وزیر اعظم کے ساتھ ایک ویڈیوجاری کی جس میں بلاول نے ان سے پوچھا کہ کچھ عرصہ پہلے پاکستانی آم لکسمبرگ بھیجے گئے تھے ، جناب وزیراعظم آپ پاکستانی آموں کے بارے میں کیا کہیں گے؟

بلاول کے سوال پر لکسمبرگ کے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کو اس کا جواب پہلے سے معلوم ہے، وہ آم بہترین تھے، مجھے بہت پسند آئے اور میں تو ان کے پیار میں گرفتار ہو گیا۔

زیویر بیٹل نے ویڈیو مسکراتے ہوئے کہا کہ دراصل بلاول مجھے لکسمبرگ میں ان آموں کا سفیر بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے آم بھیجنے پر بلاول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلی بار بھی آم بھیجے جائیں گے۔