جن ارکان نے اطمینان کرایا ان کے استعفےمنظور کئے، اسپیکرقومی اسمبلی

اسلام آباد(امت نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کر کے کہا ہے کہ وہ ابھی سوچ رہے ہیں، اس لیے ان کے استعفے منظور نہیں کیے

میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جس جس رکن نے انہیں اطمینان کروایا انہوں نے ان کے استعفے منظور کیے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ جب استعفے منظور کرتے ہیں تو بھی شور مچ جاتا ہے جب نہیں کرتے تو بھی شور مچ جاتا ہے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ جب عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے ان کے استعفے منظور کرلیے جس پر راجہ پرویز اشرف نے جواب دیا کہ ایسی بات نہیں ہے، جب پی ٹی آئی کا وفد آیا تو استعفوں کی منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے اسمبلی میں آئیں۔