کراچی(اسٹاف رپورٹر ) واٹر بورڈ کے سی ای او، ایم ڈیم سید صلاح الدین احمد نے نے کہاہے کہ واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس کی نیلامی تمام قواعد و ضوابط اور شفاف طریقے سے کی جائے گی، واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے ہائیڈرنٹس سیل کو جدید طرز پر لانے کیلئے مزید مؤثر اور بہتر اقدامات کیے جارہے ہیں
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی میں مکمل شفافیت اور ہائیڈرنٹس سیل میں مزید بہتری لانے کیلئے واٹر بورڈ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے اس مرتبہ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی میں کثیر تعداد میں نئی خواہشمند کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، امید ہے کہ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی میں کامیابی پانے والی تمام کمپنیز، ٹھیکیدار اور ہائیڈرنٹس مالکان کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے مقررہ کردہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار برقرار رکھنے کیلئے مزید اچھے اقدامات کیے جائیں گے،
انجینئر سید صلاح الدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند پانی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لئے اپنے محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے واٹر بورڈ کی جانب سے مزید موثر اور اچھے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،
اس ضمن میں سی ای او واٹر بورڈ نے انچارج ہائیڈرنٹس سیل واٹر بورڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی کے تمام مراحل قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں اور تمام قانونی تقاضوں کو مکمل شفافیت کے ساتھ پورا کرنے کیلئے اچھے اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکے،
واٹر بورڈ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی کے متعلق انچارج ہائیڈرنٹس سیل واٹر بورڈ الہیٰ بخش بھٹو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ سرکاری ہائیڈرنٹس کی نیلامی 26 جنوری 2023 کو کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ اب تک 106 مختلف خواہشمند کمپنیز نے واٹر بورڈ سرکاری ہائیڈرنٹس نیلامی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے واٹر بورڈ کو درخواست دے چکے ہیں جن میں پرانے ہائیڈرنٹس کمپنیز، ٹھیکیدار اور مالکان سمیت کثیر تعداد میں نئی خواہشمند کمپنیز بھی شامل ہے