پشاور (امّت نیوز )اسکواش کی دنیا پر برسہابرس حکمرانی کرنے والے پاکستانی چمپیئن جان شیر خان کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کی حقیقت سامنے آ گئی ہے جس کے حوالے سے یہ پروپیگنڈا کیا جارہا تھا سابق عالمی چیمپئن ایک خطرناک ذہنی بیماری کی وجہ سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہو گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق جان شیر خان پارکنسن میں مبتلا ہیں جو انسان کے دماغی خلیوں کو جکڑ لیتی ہے اور اب تک اس کا کوئی علاج دریافت نہیں ہوا۔ اس حوالے سے میڈیا پر زیر گردش خبروں میں ویڈیو کے حوالے سے بتایا گیا کہ جان شیر خان زیادہ تر وقت مسجد میں بیٹھے رہتے ہیں۔
تاہم جان شیر خان کے بہنوئی نے اس حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق عالمی چیمپئن کسی شدید بیماری یا پریشانی میں مبتلا نہیں ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق اس ویڈیو اور اس کی بنیاد پر ہونے والے پروپیگنڈے کے نتیجے میں اسکواش لیجنڈ کے عزیزواقارب اور لاکھوں فین شدید ذہنی کوفت کا شکار ہوئے ہیں۔
پشاور میں مقیم جان شیر خان کے بہنوئی اور سابق کوچ محبوب خان کا کہنا ہے کہ جان شیر خان خیر و عافیت سے ہیں۔مسجد میں بنائی گئی ان کی ویڈیو کے ذریعے غلط پیغام دیا گیا ہے اس کی وجہ سے ہم سب کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محبوب خان کے مطابق جان شیر خان اگرچہ پارکنسن کے مریض ہے تاہم وہ ذہنی طور پر تندرست ہیں۔ البتہ ان کے گھٹنوں میں تکلیف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی طور پر جان شیرخان بہتر محسوس کر رہے ہیں اور خدانخواستہ کسی شدید بیماری یا پریشانی کا شکار نہیں ہیں۔