کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر بورڈ نے کچی آبادیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی حکمت عملی تیار کرلی ۔ شہریوں کی شکایت کیلئے ڈیجیٹل ایپ بھی متعارف کرائی جائے گی ۔
ادارہ برائے فراہمی آب و نکاسی کے سربراہ انجینئر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ شہر کی مختلف کچی آبادیوں کو واٹر بورڈ ٹیکس نیٹ پر لانے کیلئے اچھی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ڈیجیٹل ایپ بنائی جائے گی تاکہ شہریوں کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکیں، شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی فراہم کرنا ہمارے فریضے میں شامل ہے اس لئے شہریوں کو پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ وال سسٹم کو مزید بہتر کرتے ہوئے شہریوں کو بلا تفریق پانی فراہمی یقینی بنائی جائے، سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے مشترکہ تعاون سے واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے شہر کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا،
اس موقع پر سی او او واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان، چیف انجینئر بلک سکندر زرداری بھی موجود تھے
اجلاس کے دوران افسران کو احکامات دیتے ہوئے سی ای او واٹر بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے موثر اور فوری اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،
ان کا کہنا تھاکہ پانی کی تمام لائنوں کا مکمل معائنہ کیا جائے اگر کوئی لائن لیک یا بوسیدہ ہوگئی ہوتو اسکو ہنگامی بنیادوں پر بنایا جائے اور لائنوں میں موجود لیکیجز کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ شھر بھر میں فراہمی آب کے نظام کو مزید بھتر بنانے کیلئے تمام مسائل اور شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کرکے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید موثر اقدامات کیے جائیں، انہون نے کہا مجھے پوری اُمید ہے کہ واٹر بورڈ افسران و ملازمین اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی شہریوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہوئے شھر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کیلئے مزید موثر اقدامات کریں گے تاکہ شہریوں کے کسی دشواری اور پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے، انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے مشترکہ تعاون سے واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے شہر کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔