کراچی(اسٹاف رپورٹر)سکھن میں نجی اسپتال کے گارڈ کے قتل میں اہلیہ اور پڑوسی ملوث نکلے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا،جب کہ اہلیہ کی تلاش جاری ہے۔رینجرز اور اے این ایف نے بدنام زمانہ منشیات فروش گروہ کے 2 اہم سپلائر دھرلیے۔ملزمان رکشے میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 7 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق انڈس اسپتال کے سیکورٹی گارڈ کی پراسرار فائرنگ کے نتیجے میں موت کے کیس کو سکھن پولیس نے 10 روز میں حل کرلیا۔پولیس کے مطابق واردات میں مقتول کی بیوی اور اس کا پڑوسی ملوث نکلے۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس نے پڑوسی سہیل بنگش کو حراست میں لیا،تو اس نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مقتول کی بیوی آرا سے دوستی تھی اور وہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ملزم نے مقتول کو گھر میں گھس کر قتل کیا اور بیوی نے ڈرامہ رچایا کیا کہ کوئی نامعلوم شخص رات گے قتل کرکے فرار ہوگیا ۔ملزم نے قتل کرنے کے بعد پستول نالے میں پھینک دیا تھا۔مقتول کی بیوی فرار ہے۔رینجرزاور اینٹی نارکوٹکس فورس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ اسنیپ چیکنگ کرتے ہوئے گولیمار سے بدنام زمانہ منشیات فروش گروہ کے 2 مین سپلائر سید عظیم شاہ اور محمد بلال کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نیو سلطان آباد،کنواری کالونی،میٹروول، نیا ناظم آباد،گلشنِ معمار، مچھر کالونی، نصرت بھٹو کالونی، لانڈھی، نیا گولیمار اور لسبیلہ میں رکشے میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔اس مقصد کے لیے عورتوں اور بچوں کا استعمال کرتے تھے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ 2021 سے منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ملزمان منشیات پشاور اور کوئٹہ سے فیملی کاروں،بسوں اور مال بردار گاڑیوں کے ذریعے منگوا کر نیو میانوالی کالونی میں مختلف گھروں میں ڈمپ کرتے تھے۔ادھر ڈیفنس پولیس نے طارق کمرشل میں ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران 2 ملزمان نورالدین اور گل حسن کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔کلاکوٹ پولیس نے لیاری میں فقیر محمد درہ خان روڈ پر مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کی شناخت سمیر ولد فضل ہارون اور سعود ولد ندیم فاروق کے نام سے ہوئی۔پولیس نے ملزمان سے 2 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔کورنگی پولیس نے اویس شہید پارک کے قریب مقابلے کے بعد 2 ملزمان عنایت اللہ ولد حبیب اللہ اور یونس ولد ابوطالب کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے ملزمان سے ایک پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔زمان ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم رضا ولد اظہار کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزم سے ایک پستول اور موبائل فون بھی برآمد کیا ہے۔