واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)بھارتی دوا ساز کمپنیاں دنیا بھر میں موت بانٹنے لگیں ۔بھارت کا تیار کردہ کھانسی کا شربت کئی ملکوں میں بچوں کی جان لے چکا ہے ، اب بھارتی کمپنی کے بنائے ہوئے آئی ڈراپس بھی بینائی سے محروم کرنے کے ساتھ زندگی بھی چھیننے لگے ہیں
امریکاکی دو درجن سے زائد ریاستوں میں بھارتی کمپنی گلوبل فارما ہیلتھ کیئر کی تیار کردہ EzriCare Artificial Tears نامی دوا کے استعمال سے 55افرادکی بینائی بری طرح متاثر ہوئی۔ جن میں سے 5 افراد ہمیشہ کے لیے بینائی سے محروم ہوگئے، جبکہ ایک شخص کی موت بھی واقع ہوگئی ۔جس پر امریکا میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر اس کی تحقیقات شروع کردی گئیں
صحت کے تحفظ کی امریکی ایجنسی ایف ڈی اے نے تحقیقات کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ آنکھوں کے یہ ڈراپس دوا کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیکٹیریا سے آلودہ ہوسکتے ہیں جو مستقل بینائی کے ضائع ہونے کے ساتھ موت کا باعث بھی ہوسکتے ہیں۔
صورت حال دیکھتے ہوئے دوا بنانے والی بھارتی کمپنی نے امریکا میں اپنے آئی ڈراپس کا پورا اسٹاک واپس منگوالیا۔
امریکی ایجنسی ’’ایف ڈی اے‘‘ نے مذکورہ آئی ڈراپ استعمال کرنے والے مریضوں اور ڈاکٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ EzriCare Artificial Tears کے استعمال اور اس کو تجویز کرنے سے مکمل طور پر اجتناب برتا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کے تیار کردہ کھانسی کے شربت سے مختلف ملکوں میں متعدد بچوں کی جان چلی گئی تھی