کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے وسطی سمیت دیگر اضلاع میں خوف کی علامت بنے 6 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔ملزمان عوام میں خوف پیدا کرنے کے لئے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے شہریوں کو زخمی کرتے تھے۔ایس آئی یو نے 4 بین الصوبائی اسمگلر 7 کلو منشیات کے ہمراہ پکڑلیے۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے شہریوں کو دوران واردات زخمی کرنے میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت دیگر ڈسٹرکٹس میں خوف کی علامت بن چکے تھے اور بلا خوف شہریوں کو لوٹنے کے دوران خوف پیدا کرنے کے لئے فائرنگ کرکے زخمی کردیا کرتے تھے۔گرفتار ملزمان میں سلمان ولد رستم،یاسر علی ولد منصورعلی،محمد یاسر علی عرف بنگالی ولد محمد عرفان،سلمان علی ولد رسول بخش،عبدالستار ولد عبدالغنی اور محمد یونس ولد حضور بخش شامل ہیں۔ملزمان سے 2 پستول،20 موبائل فون،3 چھینی و مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پاک ڈائنگ فیکٹری میں واردات کی نیت سے آئے تھے،اس دوران شہری لیاقت ولد غلام قادر کے بھاگنے پر اسے گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ 37/2023 تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں درج ہوا تھا۔ملزمان کے گینگ نے صبا سنیما پر طاہر نامی شہری کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا،جس کا مقدمہ 24/2023 دفعہ 394/34 ت پ درج ہے۔ملزمان سے برآمد ایک موٹرسائیکل شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود سے دوران ڈکیتی چھینی گئی تھی،جس کا مقدمہ 423/2023 دفعہ 397/34 ت پ درج ہے۔دوسری موٹرسائیکل بلال کالونی کی حدود سے چھینی گئی تھی،جس کا مقدمہ 25/2023 دفعہ 397/34 ت پ درج ہے۔تیسری موٹرسائیکل نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود سے چوری ہوئی تھی، جس کا مقدمہ 46/2023 دفعہ 381A درج ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی،دوران ڈکیتی زخمی کرنے اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج ہیں۔ملزمان نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود بشیر چوک،سرجانی ٹاؤن، گبول ٹاؤن اور ایف بی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں دوران ڈکیتی فائرنگ کرنے کا اعتراف کیا ہے،ملزمان چھینے ہوئے موبائل فون الآصف اسکوائر میں دیتے تھے،جہاں سے یہ موبائل فون افغانستان پہنچائے جاتے تھے۔ملزمان کے انکشافات کے بعد مختلف تھانوں کے مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کے لئے کارروائی کی جارہی ہے۔ایس آئی یو نے حب ریور روڈ نیو کراچی اور گلبہار سے 4 بین الصوبائی اسمگلر عزت اللہ ولد قیصر خان، ارشد خان ولد سکندر خان، نواز خان ولد زبیر احمد خان اور زید اختر ولد محمد اختر کو گرفتار کرکے 3 کلو 10 گرام آئس، ایک کلو ہیروئن، ایک کلو کرسٹل اور 2 کلو 230 گرام چرس برآمد کرلی،جب کہ ملزمان کے 2 مفرور ساتھیوں شہزاد اور امام بخش کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ منشیات کوئٹہ اور دالبندین سے منشیات ڈیلرز کے ذریعے کراچی لاکر اپنے گھروں اور دیگر مقامات پر ڈمپ کرتے ہیں۔بعدازاں وہ مختلف افراد کو سپلائی کرتے تھے۔ ملزمان پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے ڈکیت کو گرفتار کرلیا۔تفتیشی ٹیم تھانہ آرٹلری میدان نے مقدمہ الزام نمبر 14/23 بجرم دفعہ 34/397/392 ت پ میں ملزم محمد خان ولد محمد حسین کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق ملزم اور اس کے دیگر 2 ساتھیوں نے آرٹلری میدان کی حدود سے 2 موبائل فون اور 10 ہزار روپے چھینے تھے۔ملزم تھانہ پیرآباد میں بھی 3 مقدمات درج ہیں۔