کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی گئی اور واک کی گئی،جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز ، اساتذہ طلبہ و طالبات نے شرکت کی،اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں علامتی زنجیر باندھ کر کشمیریوں کی بے بسی ظاہر کی اور ہاتھوں میں کشمیر کے پرچم تھام کر بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے خلاف نعرے بلند کیے ،ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے اظہار خیال کیا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا اور ہے،بانی پاکستان قائد اعظم نے کشمیر کوپاکستان کی رشہ رگ قرار دیا تھا،مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،ہم بھارتی حکومت کی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں،ہمارا علامی برادری سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر کشمیروں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیا جائے اور بھارت کو اس طرح کے روئیے سے روکا جائے،اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مقبوضہ کشمیروں کی عوام کو حق رائے دہی کا موقع بھی دیا جائے۔ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سارہ قاضی نے کہا کہ پاکستان ہمشہ سے کشمیریوں کے حقوق اور ان کی آزادی کے حق کی حمایت کرتا رہا ہے،پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ ابھارت اپنی کوششوں میں ناکام ہوگا اور کشمیر ایک دن پاکستان کا حصہ بنے گا۔پرنسپل ڈاؤ انٹر نیشنل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر زیبا حق نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے،آج کی طرح مستقبل میں بھی کشمیریوں کے لیئے متحد ہوکر اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے،کشمیری عوام کی طرح ہمارے جدوجہد اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک مقبوضہ کشمیر بھارت کے پنجوں سے نجات حاصل نہیں کرلیتا،تاکہ ہمارے کشمیری بھائی آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں۔ڈاؤ میڈیکل کالج کے پرنسیپل ڈاکٹر صبا سہیل نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے حقوق کیلیئے عالمی برادری کے سامنے سوال اٹھاتا رہا ہے کہ بھارت کو اس ظلم و جبر اور دَست درازیوں سے کیوں نہیں روکا جاتا ہے؟لیکن امید ہے کہ یہ آواز وقت سے ساتھ مزید بلند ہوگا۔ریجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک کلمے کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں،پاکستان کا مطلب لا إله إلا الله ہے ،کشمیر پاکستان کا ہی حصہ ہے اور مستقبل میں کشمیر دنیا کے نقشے میں بھی پاکستان کا حصہ بن کر ابھرے گا،کشمیری اور پاکستانی بھائی بھائی ہیں۔