انقرہ(انٹرنیشنل ڈیسک)ترکیہ میں زلزلے سے عمارتوں کی تباہی کے بعد ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی کا آغازکردیا گیا۔ عمارتوں کی ناقص تعمیرات میں ملوث 29 افراد کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں اور پولیس نے ناقص تعمیرات میں ملوث 12 افراد کو حراست میں لے لیا
ترک وزارت انصاف نے زلزلہ متاثرہ 10 صوبوں میں تحقیقات کے دفاتربنانے کا حکم دے دیا۔
ترک میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے 6 ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہوئیں اور زیادہ تر عمارتیں ناقص تعمیرات کی وجہ سےتباہ ہوئیں۔
دوسری جانب ماہرین نے زلزلے سے تباہی کی بڑی وجہ عمارتوں کی ناقص تعمیر اوربلڈنگ کوڈ پر عمل نہ کرنے کو قراردیا۔
ترکیہ کے سیسمک بلڈنگ کوڈز کے مطابق عمارتیں طاقتور زلزلوں کو برداشت کرنے کے قابل ہونی چاہئیں، زمین کی سطح پر کم ازکم 30 سے 40 فیصد ارتعاش یا ہلچل کو برداشت کرنا چاہیے لیکن ترکیہ میں موجودہ عمارتیں ’ڈیزائن کوڈ‘ کی ضرورت سے بھی کم زلزلےکی شدت برداشت کرنے میں ناکام نظر آئیں ۔