کراچی میں لفٹ سے گرکرخاتون کی ہلاکت،اہلخانہ کا قانونی کارروائی سے گریز

کراچی(امت نیوز)کراچی کے علاقے کریم آباد میں نجی اسپتال کی لفٹ سے اسٹریچر سمیت گر کر 27 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ لفٹ کی اچانک خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ اہلخانہ نے واقعے کو اسپتال انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا تاہم  قانونی کارروائی سے انکار کردیا۔

کراچی کے علاقے کریم آباد میں 27 سالہ خاتون سمعیہ کو ڈیلیوری کیلئے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں بچی کی پیدائش کے بعد خاتون کو دوسری منزل پر منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ اسٹریچر سمیت لفٹ سے گرکر جاں بحق ہوگئی۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے غلطی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

اسپتال کی ہیڈ نرس کا کہنا ہے کہ خاتون کو اسٹریچر کے ذریعے پہلی منزل سے دوسری منزل پر منتقل کررہے تھے کہ اس دوران لفٹ اچانک سے اوپر کی جانب چلی گئی اور خاتون اسٹریچر سمیت گراؤنڈ فلور پر جاگری۔

لفٹ سے گرکر جاں بحق ہونے والی خاتون گلستان جوہر کی رہائشی اور نجی اسپتال میں بی ڈی ایس ڈاکٹر تھیں۔ خاتون کے اہل خانہ نے اسپتال کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔