کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سینٹرل کے ایم سی پارکنگ سائٹس کی حوالگی میں رکاوٹ بن گئے ،لیاقت آباد سپر مارکیٹ کا پارکنگ ٹھیکہ گلوبل کمپنی نے حاصل کیا تھا۔کمپنی نے نیلامی کے بعد 3 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی کردی،ٹھیکیدار کے ایم سی اور ڈپٹی کمشنر دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہے۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کا ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پارکنگ کا ٹھیکہ لینے والا خالد خان رل گیا ہے۔ایک سال سے پارکنگ قائم کروانے کے لیئے کے ایم سی اور ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے دفاتر کے چکر کاٹ رہا ہے لیکن تمام دستاویزات مکمل ہونے کے باوجود ڈپٹی کمشنر سینٹرل متاثرہ ٹھیکیدارکو پارکنگ قائم کرنے نہیں دے رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال کے ایم سی پارکنگ آکشن میں لیاقت آباد سپر مارکیٹ ایس ایم توفیق روڈ کا ٹھیکہ 3 لاکھ روپے میں آلاٹ کیا گیا تھا ،مذکورہ ٹھیکہ گلوبل ایکسپریس کمپنی کے خالد خان نے خریدا تھا۔خالد خان کو کے ایم سی نے تمام دستاویزات اور چالان فراہم کرنے کے بعد پارکنگ سائٹ سنبھالنے کے احکامات جاری کیئے تھے۔خالد خان جب وہاں پارکنگ سائٹ پر کنٹرول کرنے کے لیئے پہنچے تو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور انکی ٹیم نے خالد خان کو پارکنگ قائم کرنے نہیں دی ،خالد خان کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تمام پارکنگ سائٹس بند کردی گئی ہیں تاہم کے ایم سی نے جو آکشن کیا ہے ہم اس کو نہیں مانتے۔ مذکورہ معاملہ لیکر جب خالد خان کے ایم سی محکمہ چارجڈ پارکنگ آئے تو انہیں بتایا گیا کہ قانونی طریقے سے ٹھیکہ الاٹ کیا گیا ہے اور یہ جگہ کے ایم سی کی ہے پھر کیوں آپ کو پارکنگ قائم کرنے نہیں دی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹھیکیدار خالد خان اپنی مکمل دستاویزات لے کر ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے دفتر پہنچے تو انہوں نے مذکورہ دستاویزات ماننے سے انکار کردیا۔لیاقت آباد سپر مارکیٹ کی پارکنگ سائٹ اس وقت پرائیویٹ شخص کے پاس ہے جو ماہانہ پیسے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ٹریفک پولیس کو پہنچا رہا ہے۔امت نے اس معاملے پر گلوبل ایکسپریس کے خالد خان سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ آکشن میں پارکنگ کا ٹھیکہ خریدا گیا تھا ،ایک سال گزرگیا ہے نہ تو پارکنگ سائٹ میرے حوالے کی گئی ہے اور نہ ہی رقم مجھے واپس کی گئی ہے ،ڈپٹی کمشنر سینٹرل کہتے ہیں کہ میں کے ایم سی کے دستاویزات نہیں مانتا۔ جبکہ کے ایم سی نے وہاں پارکنگ سائٹ میرے حوالے کرنے کے لیئے بہت محنت کی ہے لیکن ڈپٹی کمشنر وہاں پارکنگ قائم نہیں ہونے دے رہے ہیں۔
سینٹرل میں دیگر مقامات پر دھڑلے سے پارکنگ سائٹس چلائی جارہی ہیں جہاں بھاری رقم بھی وصول کی جارہی ہے ان سائٹس کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی جارہی۔امت نے اس معاملے پر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کے ایم سی قیوم خان سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ یہ جگہ کے ایم سی کی ہے اور یہاں برسوں سے کے ایم سی پارکنگ قائم کرواتی آرہی ہے ،سپر مارکیٹ پارکنگ سائٹ بند ہوجانے سے کے ایم سی ریونیو کو نقصان پہنچ رہا ہے ،ہم اس معاملے پر بات چیت کررہے ہیں ،امت نے مذکورہ معاملے پر موقف کے لیئے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر سینٹرل طلحہ سلیم ،اسسٹنٹ کمشنر ثنا طارق سے رابطہ کیا تو ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔ ضلع وسطی کی انتظامیہ خبر پر جب بھی موقف جاری کرے گی ان کا موقف من و عن شائع کردیا جائے گا۔