کراچی (اسٹاف رہورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔سی ویو پر تیز رفتار ریو جیپ کی ٹکرسے ماں اور بیٹی زخمی ہوگئے۔حادثے میں 5 سے زائد لگژری گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔دوسری جانب نالے میں گر نوجوان جان سے گیا،جبکہ ایک شخص کی لاش ملی ۔ تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے ماری پور روڈ دعا ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 30 سالہ راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئی،جس کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔کورنگی بلال چورنگی کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوں نے دم توڑ گئے۔اسپتال میں ان کی شناخت ایاز خان اور اللہ ڈنو کے ناموں سے ہوئی، جو قریبی علاقے کے رہائشی تھے۔
موچکو کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ خورشید پورہ قبرستان کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان 20 سالہ اورنگزیب ولد محمد قاسم جاں بحق اور 28 سالہ نوید ولد بہادر زخمی ہوگیا۔سپر ہائی وے شاہین شنواری ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 66سالہ وہاب خان ولد انعام جاں بحق ہوگیا۔قائدآباد کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار 25 سالہ محمد عادل جاں بحق ہوگیا۔ایم اے جناح روڈ پر ہمدرد اسپتال کے قریب ٹریفک حادثے میں 28 سالہ شخص چل بسا۔بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم مین گیٹ کے قریب حادثے میں 20 سالہ صدیق گل ولد ملاقات خان جاں بحق ہوگیا۔سی ویو کےقریب ٹریفک حادثے میں کار سوار ماں اور بیٹا زخمی ہوگئے۔پولیس کے حکام کے مطابق حا دثہ تیز رفتار ریوگاڑی بےقابو ہونے کے باعث پیش آیا،جس کے باعث 5 سے زائد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے ریوگاڑی کے ڈرائیور اقبال احمد کو حراست میں لے لیا۔
بعدازاں اورنگی 12 نمبر مچھلی مارکیٹ کے قریب نوجوان نالے میں گر چل بسا۔عوام نے اسے نکال لیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی موت چوٹیں لگنے اور ڈوبنے کے باعث ہوئی۔اسپتال میں متوفی کی شناخت 25 سالہ عبدالمالک ولد فضل قادر کے نام سے ہوئی۔دوسری جانب لیمارکیٹ حاجی ولی محمد بلڈنگ سے ایک شخص کی لاش ملی۔پولیس حکام کے مطابق متوفی کی عمر 65 سال کے قریب ہے اور فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔