کراچی(امت نیوز)پی ایس ایل 8 کے چوتھے میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کراچی کنگز کو باآسانی 4 وکٹوں سے ہرادیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کا 174 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
کنگز کو پہلے ہی اوور میں جیمز وِنس کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا جنہیں رومان رئیس نے 5 کے مجموعے پر بولڈ کیا۔ انہوں نے 4 رنز بنائے تھے۔اس کے بعد شرجیل خان اور حیدر علی کے درمیان 77 رنز کی عمدہ شراکت قائم ہوئی، دونوں نے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی۔
شرجیل خان 82 کے مجموعے پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن حیدر علی اور میتھیو ویڈ نے 35 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔حیدر چھکا لگانے کی کوشش میں 117 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد میتھیو ویڈ 125 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 18 رنز بنائے تھے جبکہ اگلی ہی گیند پر عماد وسیم بھی کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کو محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔اختتامی لمحات میں عرفان خان نیازی کے 19، شعیب ملک کے 18 اور جیمز فلر کے 12 رنز کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، محمد وسیم اور ٹام کرن نے دو دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔