سی ای او انجینئر صلاح الدین احمد ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دے رہے ہیں

کراچی:سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سیکورٹی کیلئے پولیس چوکی کی تعمیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر حفاظت اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظرپولیس چوکی قائم کی جارہی ہے ۔ پولیس کی معاونت کیلئے واٹر بورڈ کی طرف سے بھی سکیورٹی گارڈ مہیا کیے جائیں گے ۔پولیس چوکی کا قیام  ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کراچی کی ہدایات پر عمل میں لایا جارہا ہے

یہ بات چیف ایگزیکٹو آفیسر اورمینیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے پاک کالونی ہارون آباد سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے دورے کے دوران کہی

سی ای او واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے اطراف سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی اور پلانٹ کے چاروں طرف دیوار کی تعمیر مکمل کی جائے گی،

دورے کے موقع پر سی ای او واٹر بورڈ نے متعلقہ افسران پر سخت اظہار برہمی اور انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں دوبارہ کسی بھی قسم کی چوری یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اس ضمن میں افسران متحرک رہتے ہوئے سکیورٹی اور پولیس کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں

سی ای او واٹر بورڈ نے کہا کہ واٹر بورڈ کی اراضی اور تنصیبات پر کسی کو چوری یا قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ٹریٹمنٹ پلانٹ پر چوری میں ملوث ملزمان کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہے، چوری میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،

دورے کے موقع پر ایس پی بلدیہ مغیض احمد، چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو، چیف انجینئر ای اینڈ ایم سیوریج منظور کھتری، پی ڈی ایس تھری اویس ملک، چیف سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ نثار احمد مگسی، ایس ئی ٹی پی ون جگدیش کمار، سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ میجر (ر) عبدالمجید اعوان، سیکورٹی آفیسر واٹر بورڈ نوید نور خان، ایگزیکٹو انجینئر ٹی پی ون دوست علی مگسی سمیت ایس ایچ او کیماڑی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے

واضح رہے کہ سی ای او واٹر بورڈ نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے مقامی مکینوں کی جانب سے ضروری سامان اور آلات کی چوری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا تھا جس کے نتیجے میں چار مختلف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔