سعودی عرب(اُمت نیوز) سعودی ریاست کو امام محمد بن سعود کی قیادت میں300 سال مکمل ہونے کی خوشی میں سعودی عرب میں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امام محمد بن سعود کی قیادت میں 1727 میں پہلی سعودی ریاست کا قیام عمل میں آیا جس پر آج دوسرا یوم تاسیس منایا جا رہا ہے ،
یوم تاسیس کی مناسبت سے مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض سمیت تمام بڑے شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔، عربی نسل کے گھوڑوں اور اونٹ کے قافلے سے تاریخی علاقے الدراعیہ میں تقریبات کا آغاز ہوا جس میں پولیس اور فوجی دستوں سمیت سکاؤٹس اور حرمین شریفین سیکورٹی اہلکاروں نےحصہ لیا۔ ملکی اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد نے پریڈ میں شرکت کی ،
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ ہم 3صدیوں پر محیط تاریخ کے دوران قائم استحکام،عدل و انصاف ، عوام میں ہم آہنگی اور چیلنجوں سے نپٹنے جیسی صلاحیتوں پر فخر کرتے ہیں یوم تاسیس کی تقریبات اگلے 4 روز تک جاری رہیں گی جن میں تمام شہروں میں ائیر شوز کے علاوہ تفریحی اور ثقافتی سرگرمیاں نمایاں رہیں گی جبکہ ملک بھر کی بلند ترین عمارتوں کو بھی سجایا گیا ہے۔