اسلام آباد(اُمت نیوز) دو پاکستانی بھائیوں کو امریکہ میں واقع گوانتا نامو بے جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
پینٹاگون کی ویب سائٹ کے مطابق 2002ء میں دونوں کو گرفتار کیا گیا تھا، عبدالربانی کو القاعدہ کیلئے سہولت کاری جبکہ محمد ربانی کو القاعدہ کے اہم رہنما کو مالی اور سفری سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ کہ 2 افراد کو منتقل کرنے کے بعد گوانتاناموبے جیل میں قید افراد کی کُل تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا قیدیوں کی آبادی کو کم کرنے اور بالآخر گوانتاناموبے کی سہولت کو بند کرنے پر مرکوز امریکی کوششوں کی حمایت کیلئے حکومت پاکستان اور دیگر شراکت داروں کی آمادگی کو سراہتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اب 32 قیدی رہ گئے ہیں جن میں سے 18 منتقل کرنے کے اہل ہیں۔