کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال ٹاؤن کی یونین کونسل 6 میٹروول 3 میں پارک کے قریب رہائشی علاقے میں کمرشل دکانوں کی تعمیر روکنے پر مبینہ ٹاؤن پولیس نے جماعت اسلامی کے نومنتخب یوسی چیئرمین ناصر اشفاق کو حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا ۔
جماعت اسلامی ضلع شرقی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سید قطب کی قیادت ناظم علاقہ محمد امین صدیقی اور مظہر صدیقی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور اہل علاقہ نے مبینہ ٹاؤن تھانے کا گھیراؤ کر لیا۔
ایس ایچ او کی طرف سے معذرت اور واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف احتجاج کی یقین دہائی پر مظاہرین منتشر ہوگئے ۔
گلشن اقبال یوسی 6 میں پولیس کی سرپرستی میں ناجائز تعمیرات جاری تھیں ۔اہل محلہ نے جماعت اسلامی کے نومنتخب یوسی چیئرمین کو درخواست دی وہ کارکنان کے ہمراہ پہنچے تو پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا اور تھانے لے گئے ۔ سید قطب کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان تھانے پہنچے اور احتجاج کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید قطب نے کہا کہ کراچی بدل چکا ہے ۔اب کسی کو غنڈہ گردی اور مافیا کی سرپرستی کی اجازت نہیں دیں گے ۔