کراچی(امت نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نےمردم شماری کے حوالے سے ایم کیوایم کے مطالبات کی منظوری دے دی جس کا جلد باضابطہ حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔
ذرا ئع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے کنوینر خالد مقبول صیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفی کمال، وزیراعظم کے مشیر صادق افتخار اوررؤف صدیقی شامل تھے جبکہ وزیر اعظم کی معاونت کیلئے احسن اقبال اور ملک محمد خان شریک ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کو سندھ میں پیپلزپارٹی کی جانب سے وعدے وفا نہ ہونے کے گلے شکوے کئے گئے اور مردم و خانہ شماری کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے مردم شماری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی
وزیراعظم نے ایم کیوایم پاکستان کے مطالبے پر خانہ شماری تین دن سے بڑھا کر 10 دن کرنے اور کثیرالمنزلہ عمارتوں کے صدر دروازے کے بجائے ہر فلیٹ پر (م ش) لکھنے کا حکم دیا ہے۔ ایم کیوایم رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس فیصلے کو سراہا۔
ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب آ پ اور مولانا فضل الرحمٰن تمام مطالبات پرعملدرآمد کرانے کے ضامن تھے، حلقہ بندیوں کے حوالے سے ابتک کوئی نوٹفیکشن جاری نہیں کیا گیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے متعدد بار وعدے اور یقین دہانیاں کرائی گئی تھیں لیکن اب تک ان پر عملدر آمد نہیں ہوا، پیپلزپارٹی کا رویہ وفاق کی اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے والا نہیں ہے۔