کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکس کے علاقے مائی کولاچی ندی کے کنارے ایک شخص کی پھندا لگی لٹکی ہوئی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو سول اسپتال منتقل کیا ،جہاں ایس ایچ اوپرویز سولنگی نے بتایا کہ متوفی کے کپڑوں سے قومی شناخت کارڈ ملا جس کی مدد سے متوفی کی شناخت 25 سالہ محمد عاطف خان ولدرحمت خان کے نام سے ہوئی ہے،شناختی کارڈ کے مطابق محمد عاطف کا آبائی تعلق تحصیل راولاکوٹ ضلع پونچھ کشمیرسے تھا۔
پولیس نے جب متوفی کے اہلخانہ سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایاکہ عاطف خان غیر شادی شدہ تھااور کوئی کام نہیں کرتا تھا چند روز قبل وہ گھر پر کہہ کر نکلا تھا کہ میں بہاولپور تبلیغ پر جارہا ہوں لیکن کراچی سے اسکی پھندا لگی لاش ملی جوکہ ایک تشویشناک بات ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایاکہ منگل کی شام متوفی مجھ سے ملا تھا اس کا کہنا تھاکہ بڑا سمندر کہا ہے تو اسکو میں بتایا کہ کم از کم ایک گھنٹے کا راستہ ہے بڑے سمندر جانے کا یہ بول کر اپنے میں اپنے کام میں لگ گیا کچھ دیر کے بعد دیکھا تو وہ شخص درخت پر چڑھ رہا لیکن میں نے زیادہ توجہ نہیں دی اور آج اسکی اس ہی درخت سے لٹکی ہوئی لاش مل گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔