ایڈووکیٹ احمد شہزاد رانا پی سی بی کے الیکشن کمشنر مقرر

اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کا الیکشن کمشنر ایڈووکیٹ احمد شہزاد فاروق رانا کومقرر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے آرٹیکل 29 کے تحت احمد شہزاد فاروق کی تعیناتی کی گئی جنہوں نے 13 ڈپٹی الیکشن کمشنر بھی تعینات کردیے ہیں۔
پی سی بی کے پیٹرن وزیراعظم شہباز شریف نے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل کی الیکشن کمشنر کے طور پر تعیناتی کی ہے۔
تعینات ہونے والے الیکشن کمشنر اپنے اضلاع میں شفاف الیکشن کروائیں گے۔
احمد شہزاد رانا نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد نجم سیٹھی سے ملاقات کی، جس میں 50 اضلاع میں ہونے والے انتخابی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔