بھارت (اُمت نیوز)جی ٹوئنٹی سمٹ میں وزرائے خارجہ اجلاس انتشار کا شکار ہوگیا، مشترکا اعلامیہ یوکرین جنگ پر اختلافات کے باعث جاری نہ ہوسکا۔
اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکی وزیر خارجہ بلنکن اور روسی ہم منصب سرگئی لاروف کی ملاقات بے سود رہی، مشترکہ اعلامیہ روس اور چین کے اعتراض کے باعث جاری نہ ہوسکا۔ اجلاس بغیرکسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
یوکرین معاملہ اجلاس کے دونوں سییشنز کے دوران چھایا رہا، جس دوران مغربی رہنماؤں نے یوکرین پر روسی حملے کو بین الاقوامی معیشت میں بڑی گراوٹ کا سبب قرار دیا تاہم روس اور چین نے اس سے اختلاف کرتے ہوئے مغربی موقف کو مسترد کیا۔
اجلاس کے بعد بھارت کی جانب سے چیئر سمری جاری کی گئی جس میں یوکرین جنگ کے حوالے سے 2 پیرا شامل کیے گئے جس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی قوانین کا احترام اور تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے پر تمام شرکا نے اتفاق کیا تاہم چین اور روس کی جانب سے اس سے اختلاف کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہونے پراجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے تناظر میں تمام شرکا اس بات پر اتفاق کر رہے ہیں جوکہ بالی میں ہونے والے گزشتہ جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا تاہم دو اراکین کو اس پر اعتراض ہے۔