ریاض: سعودی عرب میں بچوں سے زیادتی کے مجرم سمیت دو مجرمان کا سر قلم کردیا گیا۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق عدالتی حکم کی تعمیل میں کم عمر لڑکوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پرایک مجرم کا سر قلم کردیا گیا۔
عدالت میں ثابت ہوگیا کہ سعودی شہری عمر بن عبداللہ بن عبیداللہ البرکاتی نابالغ لڑکوں کو لالچ دے کراغوا کرتا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا کرتا تھا۔ وہ مغوی بچوں پر جسمانی تشدد بھی کرتا جس سے ایک بچے کی موت بھی واقع ہوگئی تھی۔
ایک اور مجرم کو تیل تنصیبات کو آگ لگانے اور سیکیورٹی اہلکار کو حملے میں قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ عدالتی حکم کی تعمیل میں مجرم کا سر قلم کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں کو سزائیں فوجداری عدالت نے سنائی اور اس فیصلے کی اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی توثیق کی تھی۔واضع رہے اس طرح رواں کے برس صرف 3 ماہ میں 6 مجرموں کا سر قلم کیا جا چکا ہے۔