راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپرلیگ 8 کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی ۔
اسلام آباد کی ٹیم نے 180رنز کا ہدف 8 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی صفر پر پہلی وکٹ گرگئی ،رحمت اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ایلکس ہیلز بھی 12رنز بنا کر چلتے بنے ۔
کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف انتیس گیندوں پر 63رنز بنائے ۔اعظم خان نے 25 گیندوں پر 35رنز اسکور کئے ۔
کوئٹہ کی طرف سے عمید آصف نے 3 وکٹیں حاصل کیں 2وکٹیں محمد نواز کے حصے میں آئیں ۔افتخار احمد، نوین الحق اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا
اس سےقبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 6 وکٹوں پر 179 رنز اسکور کئے
کوئٹہ کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 17 کے مجموعی اسکور پر گرگئیں ۔ولی سمیڈ صفر،یاسر خان 5،کپتان سرفراز احمد 3 اورافتخار احمد 2 رنز بنا کر چلتے بنے
محمد نواز اور نجیب اللہ زردان نے اسلام آباد کے بولرز کا جم کا مقابلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مجموعی اسکور 121 تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ 121 پر محمد نواز 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔عمر اکمل نے صرف 14 گیندوں پر 43رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی
اسلام آباد کی طرف سے فضل الحق فاروقی نے تین وکٹیں حاصل کی۔2 کھلاڑیوں کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا،ایک وکٹ رومان رئیس کے حصے میں آئی