عمران خان نے پیمرا کا اقدام لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پی ٹی عمران خان نے پیمرا کی جانب سے تقریر اور بیانات پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔

عمران خان کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان اور بیرسٹر احمد پنسوتا نے درخواست دائر کی، جس میں پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔

درخواست میں موقف اپنایاگیا ہے کہ پیمرا نے عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کی ہے ۔ بیانات اور تقاریر پر پابندی لگانا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے پاس عدالت کے علاوہ کوئی اور آپشن موجود نہیں۔

استدعا کی گئی کہ عدالت پیمرا کی جانب سے لگائی گئی پابندی فوری طور پر کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ پیمرا نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت یہ پابندی عائد کی گئی۔

پیمرا کے مطابق عمران خان اپنی تقاریر اور بیانات میں ریاستی اداروں پر متواتر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔

عمران خان اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے نفرت پھیلا رہے ہیں، عمران خان کے بیانات سے نقص امن کا خطرہ ہے، ان کی ریکارڈ شدہ یا براہ راست تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی ہوگی۔