کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی مؤثر روک تھام نہ ہوسکی،فروری میں بھی لٹیرے سرگرم رہے- اسٹریٹ کرائم کی 6ہزار 500سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، رواں سال کے 65 روز میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 26 شہریوں کی جان گئی۔
سیٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ماہ فروری میں ڈاکوؤں نے شہریوں سے 2ہزار255موبائل فون چھینے، موٹر سائیکل چوری ہونے کی 4ہزار54 واردتیں رپورٹ ہوئیں،اسلحے کے زور پر 326موٹر سائیکلیں چھینی گئیں،جبکہ چار ہزار 380 شہریوں کی موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔
اس طرح کار چوری کی 163 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ اسلحہ کے زور پر 15شہریوں سے گاڑیاں چھین لی گئیں،ڈاکوؤں نے فروری میں 10شہریوں کی جان لے لی جبکہ فائرنگ کر کے 25شہریوں کو زخمی کیا، رواں سال کے ابتدائی 65 دنوں میں ڈاکو 26 افراد کو قتل کرچکے ہیں۔