کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت 500 افراد کے خلاف مقدمات

کراچی(امت نیوز)کراچی میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس نے شہر کے مختلف تھانوں میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت 500 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے ۔

مقدمات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پرتشدد احتجاج کے دوران سڑکیں بلاک کیں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ۔ پولیس پر حملہ کیا اور براہ راست فائرنگ کی۔

پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور کارکنوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز شہر کی سڑکوں پر احتجاج کیا تھا۔ اورشہر کے 15 مقامات پر مظاہرے کرکے ٹریفک جام کردیا تھا۔

قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، پی ٹی آئی رہنماؤں دولت خان، عمر خان اور دیگر 150 افراد پر سچل پولیس اسٹیشن میں ریاست کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 285/23 درج کیا گیا ۔ایف آئی آر کے مطابق حلیم عادل شیخ اور دیگر 150 افراد نے الآصف اسکوائر پر ٹریفک بلاک کیا، پولیس پر پتھراؤ کیا، پولیس کی وین پر حملہ اور عوامی گاڑیوں اور پبلک پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچا۔

نارتھ ناظم آباد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر ریاست کی مدعیت میں درج کی گئی۔ جس میں 13 پی ٹی آئی ورکرز کو پبلک اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنیوالے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان اور رکن سندھ اسملی فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر 31 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان افراد پر توڑ پھوڑ، نجی، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں نے 200 سے 250 افراد کے ہمراہ ٹریفک بلاک کیا، جب پولیس ان سے مذاکرات کیلئے پہنچی تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کے نائب صدر مسرور سیال، سعید افغانی، قلندر محسود، قاضی ظفر، نعمت سواتی، احسان خٹک، طاؤس خان اور غلام مصطفیٰ سمیت دیگر افراد کیخلاف قائد آباد کے مقام پر نیشنل ہائی وے بلاک کرنے پر مقدمہ نمبر 298/23 درج کیا ہے۔پولیس کے مطابق مشتعل افراد نے مظاہرین کو منتشر کرنے اور سڑک کھلوانے کیلئے پہنچنے والی پولیس پارٹی پر براہ راست فائرنگ کی اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، واقعے میں دو سپاہی مجاہد حسین اور نذیر علی زخمی ہوئے۔

ڈاکس پولیس نے رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدو، طارق جدون سمیت 90 دیگر افراد کیخلاف کیماڑی میں سڑک بلاک کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا